شہری اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں، طریقہ کار جانئے

شہری اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں، طریقہ کار جانئے

پاکستان میں شناختی کارڈ حاصل کرنے کا عمل پہلے کے مقابلے میں مزید آسان اور جدید بنا دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک نیا آن لائن نظام متعارف کروا دیا ہے جس کے بعد اب شناختی کارڈ کے لیے نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق شہری اب اپنے شناختی کارڈ کے لیے Pak ID ویب پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد شناختی کارڈ بذریعہ کورئیر براہِ راست شہری کے گھر کے پتے پر پہنچا دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ اس سہولت کا مقصد عوام کو سہل، تیز اور جدید خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ وقت اور محنت دونوں کی بچت ہو سکے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ نئے آن لائن نظام کے ذریعے شہری نہ صرف نیا شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں بلکہ تجدید یا کھوئے ہوئے کارڈ کا متبادل بھی بنوا سکتے ہیں۔ ایپ میں تصویر، دستخط اور فنگر پرنٹ اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو طویل قطاروں میں کھڑا ہونے اور دفاتر میں انتظار کرنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی پنجاب میں ‘ لیپ ٹاپ’ فیکٹری لگانے کی پیشکش

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے قبل اپنی تمام معلومات درست طور پر درج کریں تاکہ کارڈ بروقت ان کے پتے پر پہنچایا جا سکے۔ ادارے نے واضح کیا کہ غلط یا نامکمل معلومات کی صورت میں درخواست کے عمل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

نادرا کے مطابق شہری مزید معلومات یا رہنمائی حاصل کرنے کے لیے نادرا کی آفیشل ویب سائٹ www.nadra.gov.pk پر جا سکتے ہیں یا ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کر کے تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نادرا کا مقصد پاکستان میں ایک مکمل ڈیجیٹل اور صارف دوست نظام متعارف کرانا ہے تاکہ شہریوں کو شناختی کارڈ کے اجرا کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *