وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد ایک اہم اور مثبت فیصلہ کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا ہاؤس میں دوبارہ رہائش اختیار کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی دو روز قبل ہی خیبرپختونخوا ہاؤس کا دورہ کر چکے ہیں جہاں انہوں نے گورنر اینیکسی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب گورنر اینیکسی کی صفائی اور تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی تاکہ گورنر کی واپسی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان اختلافات کے باعث گورنر کو کچھ عرصہ قبل خیبرپختونخوا ہاؤس چھوڑنا پڑا تھا۔ تاہم علی امین گنڈا پور کے وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے سبکدوش ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے گورنر کو واپس خیبرپختونخوا ہاؤس آنے کی اجازت دے دی گئی۔
سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو صوبائی سطح پر ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق گورنر کی واپسی سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ صوبائی حکومت اور گورنر ہاؤس کے درمیان ہم آہنگی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں گورنر کی رہائش کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور توقع ہے کہ وہ جلد ہی باضابطہ طور پر اپنی رہائش گاہ منتقل ہو جائیں گے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ صوبے میں سیاسی تعلقات میں نرمی اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔