کیڈٹ کالج وانا میں فتنہ خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی جسے سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دودہشتگرد موقع پر ہلاک ہو گئے۔
واقعے کے بعد کالج اور اطراف کے علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر د ئیے گئے ہیں کیڈٹ کالج وانا میں زیادہ تر طلبہ مقامی ہیں اور والدین نے اپنے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے کالج بھیجا تھا تاکہ وہ پڑھ لکھ کر اپنا اور ملک کا مستقبل روشن بنا سکیں۔
والدین نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو اس لیے سکول بھیجا کہ وہ تعلیم حاصل کریں اور کچھ بنیں لیکن یہ ظالم خوارج معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔
والدین نے مزید کہا کہ خوارج نہ دین کے ہیں نہ انسانیت کے اور ان کا مقصد صرف تباہی پھیلانا ہے والدین نے اس بات پر زور دیا کہ محسود، وزیر اور پورے علاقے کے لوگ سب ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ان دہشتگردوں کو اپنے علاقوں میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے نہ صرف طلبہ محفوظ رہے بلکہ حملہ ناکام بنا دیا گیا فورسز نے علاقے میں مزید نگرانی بڑھا دی ہے اور طالب علموں، اساتذہ اور والدین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ دہشتگرد معصوم طلبہ اور شہریوں کو بھی اپنا ہدف بنا سکتے ہیں لیکن پولیس او ر سیکورٹی اداروں کی بروقت کارروائی نے بڑے نقصان کو ٹال دیا۔
والدین اور مقامی لوگ سیکورٹی اداروں کے شکر گزار ہیں اور مستقبل میں ایسے حملوں کے خلاف متحد رہنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں۔