دہشتگردی عالمی مسئلہ، مذاکرات اور شراکت داری ہی امن کا واحد راستہ ہے، اسحاق ڈار

دہشتگردی عالمی مسئلہ، مذاکرات اور شراکت داری ہی امن کا واحد راستہ ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشتگردی موجودہ وقت کے بڑے عالمی چیلنجوں میں سے ایک ہے اور پاکستان اس لعنت کے خلاف بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں منگل کو بین الاقوامی پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ مذاکرات، افہام و تفہیم اور شراکت داری ہی امن و سلامتی کا واحد پائیدار راستہ ہیں، اور بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے قومی عزم کو متزلزل یا کمزور نہیں کر سکتیں۔

یہ بھی پڑھیں:آئینی ترمیم عدالتی نظام میں بہتری کے لیے کی گئی ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم ہر قسم کی دہشتگردی کی کارروائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، چاہے یہ ہمارے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوں جیسا کہ کل ہوا، یا دنیا کے کسی اور حصے میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں وانا اور اسلام آباد میں دہشتگردی کی دوگھناؤنی کارروائیاں دیکھیں جن میں 15 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، لیکن یہ بزدلانہ حملے پاکستان کے عزم کو ختم یا کمزور نہیں کر سکتے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشتگردی کا مقابلہ صرف فوجی کارروائیوں یا سیکیورٹی اقدامات سے نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے لیے معاشرتی اور سیاسی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ’مذاکرات، افہام و تفہیم اور شراکت داری کے ذریعے ہی ہم پائیدار امن اور سلامتی قائم کر سکتے ہیں۔‘

نائب وزیراعظم نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے اور پاکستان اس سلسلے میں عالمی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیابی کے لیے بین الاقوامی تعاون اور معلومات کے تبادلے کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:پاکستان جنوبی اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان ’پل‘ کی حیثیت رکھتا ہے، اسحاق ڈار

اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی داخلی اور سرحدی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ’ہمارے سیکیورٹی اہلکار دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ ہر پاکستانی محفوظ اور پرامن زندگی گزار سکے۔‘

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو دہرایا اور واضح کیا کہ مذاکرات اور شراکت داری کے بغیر کوئی پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ وانا اور اسلام آباد میں حالیہ حملے پاکستان کے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکے، اور ملک ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متحد اور پرعزم ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *