حکومت کا مری ایکسپریس وے کو توسیع دے کر مظفرآباد تک لے جانے کا فیصلہ

حکومت کا مری ایکسپریس وے کو توسیع دے کر مظفرآباد تک لے جانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے مری ایکسپریس وے (این-75) کو 70 کلومیٹر توسیع دے کر مظفرآباد تک لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے آزاد جموں و کشمیر کو ملک کے موٹروے اور ایکسپریس وے نیٹ ورک سے براہِ راست منسلک کیا جائے گا۔

 وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں ادارے کی مالی صورتحال اور رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت مواصلات کے مطابق مری ایکسپریس وے کی توسیع سے آزاد کشمیر کے شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے عوام کے لیے محفوظ اور جدید سفری نظام کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، اور انہیں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح اعلیٰ معیار کی موٹروے سہولیات ملنی چاہییں۔

یہ بھی پڑھیں :لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالانز کا نیا نظام متعارف

انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ نئے منصوبے شروع کرنے کے بجائے پہلے زیر تکمیل منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور رواں مالی سال میں 25 ترجیحی منصوبوں کی تکمیل پر تمام وسائل مرکوز کیے جائیں۔

وفاقی وزیر نے ایم-8 موٹروے کی جلد تکمیل پر بھی زور دیتے ہوئے ہوشاب۔آواران روڈ اور آواران۔نال منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  یہ شاہراہیں ایران کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے اور خطے میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا  کہ این ایچ اے کو ازسرنو منظم کیا جائے گا تاکہ ادارہ وفاقی حکومت پر انحصار کم کرتے ہوئے اپنے اندرونی ذرائع سے سالانہ 4 کھرب روپے تک آمدن حاصل کرنے کے قابل بن سکے۔

اجلاس کے اختتام پر سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے ادارے کی مالی کارکردگی اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں میں مری ایکسپریس وے پر متعدد ٹریفک حادثات پیش آ چکے ہیں اور رواں ماہ بھی ایک وین موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں گرنے کے بعد آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے تھے۔

editor

Related Articles