وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سے ایران تک ریلوے ٹریک کو جلد فعال کیا جا رہا ہے جو خطے میں تجارتی، معاشی اور سفری روابط کو نئی جہت دے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں توسیع پا کر یورپ تک ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہو سکتا ہے جس سے پاکستان کو بین الاقوامی ٹرانزٹ حب بنانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں بھی اس پر مختلف مراحل میں پیش رفت ہو چکی ہے خاص طور پر سرحدی رابطوں اور فریٹ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے تکنیکی سطح پر کام جاری رہا ہے جسے اب تیزی سے آگے بڑھایا جائیگا اور اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کریں گے
انہوں نے مزید بتایا کہ روہڑی سے نوکنڈی تک تقریباً 900 کلومیٹر اور نوکنڈی سے تافتان تک 87 کلومیٹر طویل ریلوے سیکشن کی بحالی اور اپگریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جو پاکستان کو ایران سرحد کے ساتھ مؤثر ریلوے رابطے فراہم کرے گا اور خطے میں لاجسٹکس اور تجارت کو فروغ دے گا۔
حنیف عباسی کے مطابق ریلوے نظام کی بہتری ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے، کیونکہ مضبوط ریلوے نیٹ ورک نہ صرف اندرونی رابطوں کو بہتر بناتا ہے بلکہ علاقائی تجارت کو بھی وسعت دیتا ہے اوراگر ریلوے نہیں چلے گی تو پاکستان نہیں چلے گا۔