پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین پیش رفت پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ملاقات کے دوران سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کی اور چین کی جانب سے اس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین خطے اور اس سے باہر پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے مابین “آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کی توثیق کی اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔