وزیراعظم شہباز شریف اور شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔ ملاقات میں اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے اسٹریٹجک اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم کے دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کا ثبوت قرار دیا۔ ملاقات کے دوران شاہ عبداللہ دوم نے غزہ تنازعے کے حوالے سے اردن کے موقف اور انسانی بنیادوں پر کی جانے والی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے جنگ کے بعد غزہ کی صورتحال، فلسطینیوں کی نقل مکانی نہ ہونے دینے کے اصولی مؤقف اور پاکستان و اردن کے مشترکہ مؤقف پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے شرم الشیخ میں طے پانے والے غزہ امن معاہدے کے تناظر میں ان آٹھ عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا جو امریکا کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مصر، اردن اور سعودی عرب کا دورہ کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی شاندار مثال

وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کے ہمسایہ ممالک بالخصوص افغانستان اور بھارت میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا، جس پر اردن کے بادشاہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی کیا گیا، جس میں میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبے شامل تھے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

واضح رہے کہ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچے۔ ہوائی اڈے پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، جبکہ پاکستانی فضائی حدود میں داخلے پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاہی جہاز کو حفاظتی حصار فراہم کیا۔ وزیرِاعظم ہاؤس پہنچنے پر شاہ عبداللہ دوم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *