سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے ڈومیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ کارروائی انتہائی حساس اور معتبر معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جن کے مطابق علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، آج صبح سیکیورٹی فورسز کو جانیکی خیل کے علاقے میں شدت پسندوں کے ایک بڑے گروہ کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ انٹیلی جنس موصول ہوئی تھی۔ اطلاعات ملتے ہی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مؤثر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔
شدت پسند ایک عمارت کے اندر موجود تھے جو آبادی کے قریب واقع تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی انتہائی مہارت کے ساتھ اس انداز میں انجام دی کہ کسی قسم کا شہری جانی نقصان نہیں ہوا۔ بنوں میں پاکستان آرمی، سی ٹی ڈی اور خیبرپختونخوا پولیس مشترکہ طور پر شدت پسند نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔
سیکورٹی حکام کے مطابق پاکستان کے عوام اور ملک کے سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہیں اور حکام کے مطابق یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک آخری شدت پسند کو بھی غیر مؤثر نہیں بنا دیا جاتا ہے۔