نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شادی شدہ جوڑوں کے لیے یونین کونسل سے میرج سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا مکمل اور واضح طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
نادرا کے مطابق ہر شادی شدہ جوڑے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی شادی کو متعلقہ یونین کونسل میں رجسٹر کروائیں تاکہ ان کے نکاح کا ریکارڈ سرکاری سطح پر محفوظ ہو سکے۔ اس خبر میں یونین کونسل میں شادی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور اس کے لیے درکار تمام دستاویزات کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
یونین کونسل سے نکاح نامہ یا میرج سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے کچھ بنیادی کاغذات لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ ان میں اصل نکاح نامہ، دولہا اور دلہن کے شناختی کارڈ کی نقول، دونوں کے والدین کے شناختی کارڈ کی کاپیاں اور نکاح کے گواہوں کے شناختی کارڈ کی نقول شامل ہیں۔
نادرا کے مطابق دولہا یا دلہن میں سے کوئی ایک شخص یہ تمام دستاویزات لے کر یونین کونسل جا سکتا ہے جہاں عملہ کاغذات کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔
اگر جمع کرائی گئی تمام دستاویزات مکمل اور درست ہوں تو یونین کونسل کا عملہ نکاح کا اندراج اپنے سسٹم میں کرتا ہے۔ اندراج کے بعد درخواست گزار کو معلومات کی تصدیق کے لیے ایک پرنٹ آؤٹ فراہم کیا جاتا ہے۔
درخواست دہندہ اس پرنٹ شدہ دستاویز کو اچھی طرح پڑھ کر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ تمام معلومات صحیح اور ترتیب میں ہیں۔ معلومات درست ہونے کی صورت میں درخواست گزار پروف ریڈنگ کے لیے دیے گئے پرنٹ پر دستخط کر کے عملے کے حوالے کر دیتا ہے۔
تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد یونین کونسل کا عملہ میرج سرٹیفکیٹ جاری کر دیتا ہے۔ نادرا کے مطابق یہ سہولت نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم فی الحال یہ سہولت صرف چند علاقوں—چکوال، ننکانہ صاحب، کوئٹہ اور کراچی شرقی—میں دستیاب ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو شادی کی رجسٹریشن کے عمل میں زیادہ آسانی اور سہولت فراہم کرنا ہے۔