معروف آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے پاکستان میں اپنی سب سے بڑی اور مہنگی گاڑی سوزوکی فرونکس متعارف کرا دی۔
کراچی میں سوزوکی کی نئی کمپیکٹ ایس یو وی فرونکس کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی، جس نے خریداروں میں ایک نئی دلچسپی پیدا کر دی، وٹیارا کو مارکیٹ میں مشکلات کا سامنا رہا تھا لیکن اب کمپنی اس بولڈ لانچ کے ساتھ مضبوط واپسی کے لیے تیار دکھائی دیتی ہے۔
لوکل اسمبلی کی حکمتِ عملی: فرونکس، سوزوکی کی اب تک کی سب سے بڑی اور مہنگی گاڑی ہے، یہ کمپنی کی پہلی لوکل اسمبلڈ ایس یو وی بھی ہے، کمپنی کی جانب سے یہ فیصلہ درآمدی وٹیارا کے مسائل کو حل کرنا ہے، جسے زیادہ قیمت اور اسپیئر پارٹس کی کمی کا سامنا تھا۔
اب کمپنی کا ہدف ہے کہ پاکستان کے اندر اسمبلی کے ذریعے بہتر قیمت، زیادہ سہولت اور کم خرچہ مرمت کی سہولت فراہم کرے۔
سوزوکی کمپنی مقامی طور پر اسمبلی کے ذریعے دوبارہ مارکیٹ کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے، فرونکس گاڑی کی خصوصیات جدید اور عملی دکھائی دیتی ہیں جو خریدار وں کی دلچسپی کو بڑھا رہی ہیں لیکن گاڑی کی حتمی قیمت ہی اس کا مستقبل طے کرے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں پہلے ہی مضبوط مقابلے موجود ہیں، اس لیے سوزوکی کو محتاط رہنا ہو گا، فی الحال لوگ اس گاڑی کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
سوزوکی فرونکس مارکیٹ میں مقابلے کیلئے تیار ہے، جہاں اس کا براہِ راست مقابلہ ہونڈا ایچ آر وی، کیا سٹونک اور ٹویوٹا کرولا کراس سے ہو گا۔ اگرچہ سوزوکی نے تاحال فرونکس کی قیمت ظاہر نہیں کی، مگر ابتدائی اسپیکس اور خصوصی تصاویر نے خریداروں میں بے چینی اور تجسس بڑھا دیا ہے۔
سوزوکی پاکستان نے ایک نئی کیٹیگری ایکس یو وی بھی متعارف کرائی ہے ۔ فرونکس اس کیٹیگری میں مقامی طور پر اسمبل کی جانے والی پہلی گاڑی ہوگی۔سوزوکی کے منیجنگ آفیسر اور ایگزیکٹو جنرل منیجر برائے آٹو موبائل مارکیٹنگ-ایشیا، لاطینی امریکا اور اوشیانا مسافومی ہارانو نے کمپنی کی عالمی حکمتِ عملی بیان کی جس کا مقصد نقل و حرکت کے ذریعے معاشرے کے لیے قدر پیدا کرنا تھا۔
مزید پڑھیں: گاڑیوں کے شوقین صارفین کے لیے بری خبر، سوزوکی کا ایک اور مقبول ماڈل بند

