پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ونڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ گرین شرٹس کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے اور وہ آج کے میچ میں 3-0 سے وائٹ واش مکمل کرنے کے لیے پُر اعتماد انداز میں میدان میں اُتر رہے ہیں۔
قومی ٹیم کی قیادت مسلسل شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں میں ہے، جو نظم و ضبط پر مبنی باؤلنگ اور شاندار فیلڈنگ کے ذریعے ٹیم کی کارکردگی کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ اب تک سیریز میں پاکستان نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مکمل غلبہ برقرار رکھا ہے۔
سیریز کے دوسرے میچ میں بابراعظم نے اپنی شاندار فارم کی واپسی کرتے ہوئے 807 دن بعد کسی بھی انٹرنیشنل فارمیٹ میں سینچری اسکور کی۔ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں ان کی 102 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز نے پاکستان کو فتح دلائی اور سیریز میں فیصلہ کن برتری دلا دی۔
289 رنز کا ہدف پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان کے بغیر اور 1.4 اوورز قبل حاصل کر لیا۔ محمد رضوان نے 51 رنز کی ذمہ دارانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ اوپنر فخرزمان نے 78 رنز کے ساتھ مضبوط آغاز فراہم کیا۔
سیریز پہلے ہی اپنے نام کرنے کے بعد پاکستان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے وائٹ واش مکمل کرے، جبکہ سری لنکا اس میچ میں مضبوط کم بیک کر کے اپنی عزت بحال کرنے کا خواہاں ہے۔