محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے کے سرد علاقوں میں واقع سکولوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، بلوچستان کے ان اضلاع کے سکولز جہاں موسم سخت سرد ہوتا ہے، ان میں دسمبر سے فروری تک ڈھائی ماہ کی تعطیلات دی جائیں گی۔
سیکرٹری تعلیم بلوچستان، عبدالرؤف بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کا آغاز 16 دسمبر 2025 سے ہوگا اور یہ تعطیلات 28 فروری 2026 تک جاری رہیں گی۔پنج
بلوچستان کے سرد علاقوں میں عام طور پر موسم سرما کے دوران طویل تعطیلات دی جاتی ہیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ سخت سردی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں اور تعلیمی سرگرمیاں منظم طریقے سے دوبارہ شروع کی جا سکیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے مجموعی طور پر 18 اضلاع کے سکول اس طویل تعطیلات سے مستفید ہوں گے۔
دوسری جانب، بلوچستان کے علاقے چمن میں پہلی جماعت سے ساتویں جماعت تک کے طلبہ کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے ، محکمہ تعلیم کے مطابق یہ امتحانات 16 نومبر سے 24 نومبر تک جاری رہیں گے، اس کے بعد آٹھویں جماعت کے امتحانات بلوچستان بورڈ کے تحت 24 نومبر سے شروع ہوں گے، جو کہ طلبہ کے تعلیمی معیار کے جائزے کے لیے اہم ہیں۔
اسی دوران صوبہ پنجاب کے سکولز کے لیے بھی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جہاں پنجاب میں تعطیلات 23 دسمبر 2025 سے شروع ہوں گی اور 11 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی جبکہ تمام سکولز دوبارہ 13 جنوری 2026 کو کھلیں گے، جس کے ساتھ نئے تعلیمی سیشن کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
ماہرین تعلیم کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات طلبہ کو سردی کی شدت سے بچانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام کو مؤثر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں، اس دوران سکول انتظامیہ بھی اپنی تیاری مکمل کر کے طلبہ کے لیے تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے اقدامات کرتی ہے۔