نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے گاڑیوں کی خریدوفروخت میں بائیومیٹرک تصدیق کا عمل آسان بنا دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب شہریوں کو طویل قطاروں میں لگنے یا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ سہولت گھر بیٹھے آن لائن دستیاب کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا نے شناختی کارڈ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان کردی
نادرا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ’پاک آئی ڈی‘ موبائل ایپ کے ذریعے اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خریدوفروخت کے لئے بائیومیٹرک تصدیق ممکن ہو گئی ہے۔ اس نظام کے تحت خریدار اور فروخت کنندہ گھر بیٹھے چند منٹوں میں اپنی تصدیق مکمل کرسکتے ہیں، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ دفاتر میں رش بھی کم ہوگا۔
اسلام آباد کے شہری اس سہولت کے ذریعے گاڑی کی فروخت کے سلسلے میں بائیومیٹرک تصدیق آن لائن مکمل کر سکیں گے، جبکہ متعلقہ ادارے ٹرانسفر کی کارروائی جلد مکمل کریں گے۔ حکام کے مطابق اس سروس کو جلد ملک کے دیگر حصوں تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ تمام شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے 31 اکتوبر 2025 سے گاڑیوں کی خریداری کے بعد ملکیت کی تبدیلی صرف بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ہی لازمی قرار دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
سندھ میں بھی سینیئر وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن کی منظوری کے بعد گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے وقت خریدار اور بیچنے والے دونوں کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ اسی طرح یکم جنوری 2025 سے پورے ملک میں گاڑیوں کی ٹرانسفر کے سلسلے میں دونوں فریقوں کی بائیومیٹرک تصدیق شرط ہوگی۔
مزید پڑھیں:نادرا کیجانب سے شہریوں کے لیے دستاویزات سے متعلق اہم ہدایات جاری
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خریدوفروخت میں شفافیت بڑھانے، جعلی لین دین روکنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے انتہائی اہم پیش رفت ہے، جس سے گاڑیوں کی ٹرانسفر کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا۔