ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں ہلکی دھند اور اسموگ کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے سرد اور خشک موسمی صورتحال کے زیرِ اثر رہیں گے، تاہم شمالی خطوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں دن بھر موسم خشک اور رات کے وقت سرد رہنے کی توقع ہے۔ دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم اسموگ اور ہلکی دھند کے باعث شہریوں کو صبح اور رات کے اوقات میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، شیخوپورہ اور ملتان کے علاقوں میں فضائی آلودگی کے باعث حدِ نگاہ میں کمی متوقع ہے۔

مزید پڑھیں:کہاں موسم خشک رہے گا، کہاں بارش، برف باری ہوگی، محکمہ موسمیات کی ہفتہ بھر کے لیے پیش گوئی

مری، گلیات اور صوبہ پنجاب کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی،  پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سیاحوں کو گرم لباس اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، جبکہ سوات، دیر، چترال اور کوہستان جیسے بالائی علاقوں میں رات کے وقت سردی میں اضافے کا امکان ہے۔

سندھ میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ہلکی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت اور قلات سمیت شمالی اضلاع میں موسم سخت سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ کم آبادی والے جنوبی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہےگا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گوپس اور گلگت میں درجہ حرارت منفی 3 تک جا پہنچا، پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری اور کوئٹہ میں 0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *