ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہےگا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہےگا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کا مشن: وزیراعلیٰ سندھ نے جنگلات کی بحالی کے اہم منصوبے کا اعلان کر دیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ کی صورتحال بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملحقہ اضلاع میں فضائی آلودگی میں کمی کے فوری امکانات نہیں۔ ساتھ ہی صبح اور رات کے دوران چند مقامات پر ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے، جو ٹریفک کی روانی پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔ بالائی علاقوں، خصوصاً مری اور گلیات میں موسم مزید ٹھنڈا اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت میں کمی کے باعث سیاحوں اور مقامی شہریوں کو گرم کپڑوں کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی سمیت صوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں رات کے وقت سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد، خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:ملک بھر میں موسم سرد و خشک، پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں ہلکی دھند چھائی رہی جو معمولاتِ زندگی پر جزوی اثر ڈالتی رہی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ صبح کے وقت سفر کے دوران احتیاط برتی جائے جبکہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے تاکہ صحت کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *