سیکورٹی فورسز نے بنوں میں خارجی دہشت گردوں کی طرف سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی ایک کوشش ناکام بنا دی ۔ کارروائی کے دوران ایک بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کا دہشت گرد بارودی مواد نصب کرتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہریوں کو نشانہ بنانے کی یہ کوشش دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاس ہے۔ دہشت گرد مسلسل ناکامیوں کے بعد اب سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے ان کی کمزور حالت اور محدود صلاحیتیں ظاہر ہوتی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی صلاحیتیں کمزور پڑ رہی ہیں اور سیکورٹی فورسز ان کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنا رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں بلا توقف جاری رہیں گی تاکہ ملک میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور دہشت گرد عناصر کی فعالیت محدود ہو۔ یہ کارروائیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی والے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے طور پر جاری ہیں۔