خیبرپختونخوا میں 16 اور 17 نومبر 2025 کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی گروپ فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن انجام دیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ مارے جانے والوں میں خوارج کا سرغنہ سجاد عرف ابو زر بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسی دوران بنوں میں بھی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں فورسز نے مزید 12 خارجی دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا۔ یہ کارروائیاں اس بات کا مظہر ہیں کہ سیکورٹی فورسز مسلسل بھارتی سرپرستی والے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملک سے بھارتی سپانسرڈ خارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بلا توقف جاری رہیں گے، تاکہ صوبے اور ملک میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ کارروائیاں دہشت گردوں کی صلاحیتوں کو محدود کرنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔