خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے فوجی کارروائیوں کے دوران پکڑے جانے والے فتنہ الخوارج کے زیر استعمال امریکی ہتھیار پہلی بار سکرین پر آ گئے۔
امریکی اور نیٹو فورسز کی افغانستان سے انخلا کے دوران 7 ارب امریکی ڈالر کا جنگی ساز و سامان چھوڑا گیا تھا، جن کو بعد ازاں امارت اسلامی اور کالعدم ٹی ٹی پی نے خرید لیا ، امریکہ کی جدید اسلحہ کی خریداری میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را کی فنڈنگ شامل ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ہتھیار پاک فوج اور سیکورٹی فورسز کی پچھلے کچھ عرصے میں کی جانی والی کارروائیوں کے دوران پکڑے گئے ہیں، ان امریکی ہتھیاروں پر صاف لکھا ہے کہ وہ امریکی حکومت کی ملکیت ہیں، یہ امریکی ہتھیار امریکی فوج اور نیٹو، انخلا سے پہلے افغانستان چھوڑ گئی تھی، ان امریکی ہتھیاروں کو افغان طالبان نے فتنہ الخوارج کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کیلئےفتنہ الخوارج کے حوالے کر دیا
ان امریکی ہتھیاروں کی وجہ سے فتنہ الخوارج بہت فاصلے سے پاک افواج کو رات کو بھی نشانہ بنا سکتی ہیں، ان امریکی ہتھیاروں میں سٹیل ہیڈ گولیاں بھی شامل ہیں جو کہ بلٹ پروف جیکٹ میں سے بھی گزر سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ پکڑے جانے والے مواد میں امریکی فوج اور نیٹو کے زیر استعمال اعلیٰ کوالٹی کا دھماکہ خیز مواد اور تاریں بھی شامل ہیں۔
دکھائے جانے والے ہتھیاروں میں ایم فور ، ایم 16 اور دیگر خود کار جدید اسلحہ شامل ہے ، فتنہ الخوارج سے نائٹ ویژن گاگلز اور دیگر جدید آلات بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
خوارج یہ اسلحہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں ، سیکورٹی ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والے ہتھیاروں کی تعدادکہیں زیادہ ہے۔