یورپ میں تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری ہے کہ ہنگری نے پاکستان کے لیے سب سے بڑا اسکالرشپ کوٹہ مختص کر دیا ہے۔
پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلیمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ہنگری کی جانب سے وزیر خارجہ پیٹر سیجارٹو نے اس یادداشت پر دستخط کیے۔
اس یادداشت کے تحت ہنگری نے اسٹپ اور ایم ہنگری اسکالرشپ کی سالانہ تعداد 80 سے بڑھا کر 400 کرنے کا فیصلہ کیا ہےاس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو یورپ میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور دوطرفہ تعلیمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور سفیر رحیم قریشی بھی شریک تھے جنہوں نے تعلیمی تعاون کے فروغ میں دلچسپی اور عزم کا اظہار کیااس اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے پاکستانی طلبہ کو ہنگری کی مختلف یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اقدام خاص طور پر ان طلبہ کے لیے اہمیت رکھتا ہے جو یورپ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں ہنگری کے اسکالرشپ پروگرام میں طلبہ کو نہ صرف تعلیمی فیس میں رعایت ملے گی بلکہ رہائش، کتابیں اور دیگر ضروریات کے لیے بھی مالی معاونت دستیاب ہو گی۔
اس قدم سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور نوجوان نسل کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔
یہ اسکالرشپ منصوبہ پاکستانی طلبہ کے لیے یورپ میں تعلیم کے حصول کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے اور تعلیمی سفر کو آسان اور قابلِ حصول بناتا ہے۔
اس نئے اقدام سے پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کرنے اور مختلف شعبوں میں مہارت بڑھانے کا موقع ملے گا۔ یہ قدم نہ صرف ان کے کیریئر کے لیے معاون ہوگا بلکہ پاکستان کی علمی و تحقیقی ترقی میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔