راولپنڈی میں جاری سہ ملکی ٹی ٹو نٹی سیریز میں پاکستان نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 69 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
قومی ٹیم نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو کسی طرح بھی سنبھلنے کاموقع نہ دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صاحبزادہ فرحان نے بھی 63 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم کیا۔
دونوں بلے بازوں کی ذمہ دارانہ شراکت نے پاکستان کو مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کے ریان برل نے نصف سنچری اسکور کرکے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تاہم دیگر کھلاڑی پاکستانی بولنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں کارکردگی نوجوان اسپنر عثمان طارق کی رہی جنہوں نے اپنے دوسرے اوور میں شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
انہوں نے ٹونی، تاشنگا اور مساکاڈزا کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرکے تہلکہ مچا دیا عثمان نے مجموعی
طور پر 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔ اس سے قبل محمد نواز، محمد حسنین اور فہیم اشرف یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔