بغیر لائسنس ڈرائیورز کی شامت آگئی! ڈی آئی جی ٹریفک نے بڑا حکم دے دیا

بغیر لائسنس ڈرائیورز کی شامت آگئی! ڈی آئی جی ٹریفک نے بڑا حکم دے دیا

پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی بالادستی قائم کرنے اور سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، محمد وقاص نذیر نے صوبے کے تمام اضلاع کے ٹریفک افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ لائسنس چیکنگ کے عمل کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر وہیکل آرڈیننس ترامیم کے بعد پنجاب میں 12 ارب 55 کروڑ روپے وصول، ٹریفک پولیس کی رپورٹ جاری

ترجمان ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبہ بھر میں 1 لاکھ 17 ہزار سے زیادہ ایسے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی جو بغیر لائسنس کے سڑکوں پر گاڑیاں دوڑا رہے تھے۔

اس کریک ڈاؤن میں صنعتی شہر فیصل آباد سب سے نمایاں رہا جہاں 20 ہزار سے زیادہ افراد کے چالان کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 11 ہزار اور راولپنڈی میں 8 ہزار سے زیادہ افراد کے خلاف قانونی شکنجہ کسا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، سنگین خلاف ورزیوں پر متعدد افراد کو جرمانے کیے گئے جبکہ کئی ڈرائیورز کو حراست میں بھی لیا گیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے اپنے ایک تادیبی پیغام میں واضح کیا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا ایک سنگین قانونی جرم ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد ٹریفک پولیس کا اہم سینٹر پر ڈرائیونگ لائسنس سروسز معطل کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد محض جرمانہ کرنا نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنے ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور سڑک پر آتے وقت ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم ‘2026’ کے دوران مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے لائسنس یافتہ ڈرائیورز کا ڈیٹا مسلسل مانیٹر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔

Related Articles