پاکستان بھر میں مون سون بارشوں کا ہیوی سلسلہ، موسم خوشگوار ہو گیا

پاکستان بھر میں مون سون بارشوں کا ہیوی سلسلہ، موسم خوشگوار ہو گیا

مون سون سیزن کا آغاز ہوگیا ہے، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلا دھار بارش  کے باعث مختلف علاقے زیر آب آگئے ۔

تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، تیز بارش کے سبب کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ جڑوں شہروں میں مجموعی طور پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 9 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا نیا صدر کون بنے گا؟ معروف نجومی کی تہلکہ خیز پیش گوئی

پنجاب کے مختلف شہروں لاہور ، گجرات ، اور اٹک میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔  لاہور میں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے دن بھر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شہر کے باغات میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جس سے موسم خوشگوار ہو رہا ہے اور گرمی سے راحت مل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون بارشیں جنوبی پنجاب تک پھیل جائیں گی۔ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راولپنڈی سے مظفر آباد جانے والی سڑک بند ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جاں بحق کارکنوں کی بیواؤں کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ ژوب، بارکھان، کوہلو، لورالائی، سبی، خضدار، ہرنائی اور زیارت میں بارش کا امکان ہے۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *