وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو کمزور کرنے والوں کو ہم کسی بھی صورت میں آزاد نہیں چھوڑ سکتے۔
تفصیلات کے مطابق سرفراز بگٹی نےیوم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں تقریب کا چیف گیسٹ نہیں ہوں بلکہ شہداء کی فیملیز ہیں ، ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر نے والے ہمیں سال کے ہر روز یاد رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیر کے خلاف بہت سی سازشیں کی گئیں ، اس کے باوجود دہشت گردی کی فالٹ لائنز کا قوم نے بھرپور طریقے سے دفاع کیا، بلوچستان میں ماضی میں دہشت گردی پھیلائی گئی اور ہم نے اپنے شہداء کے خون کا قصاص لیا ۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں مذہب اور قوم پرستی کے ذریعے دہشت گردی کو تقویت ملی ۔ دہشت گردی کی تھریٹ کے لیےہماری پولیس اور لیویز کافی ہے، ہتھیار اُٹھانے والوں کا آمنے سامنے مقابلہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج کے نام پر ہمارے عام شہریوں کو اغوا ء کیا گیا، خواتین کو ڈھال بنا کر بلوچستان کی روایات کو پامال کیا گیا، لیکن یہ لڑائی صرف پولیس کی نہیں بلکہ ہم سب کی ہے۔ قوم پرستی کے نام پر عوام کی سوچ میں اس طرح کی چیزیں ڈالی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:سابق نگراں وزیر محمد علی بھی وفاقی کابینہ کی ٹیم کا حصہ بن گئے
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے لیے خون گرانے والے شہداء خوش قسمت ہیں ۔ شہدا کے لواحقین کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے اور پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور انشاء اللہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔