اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان و بشری بی بی کی توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری غیر قانونی قرار دینے کی درخواستیں خارج کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری غیر قانونی قرار دینے کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواستیں غیر موثر قراردے د یں جبکہ توشہ خانہ ریفرنس ٹو کال ا نوٹسز کیخلاف درخواستیں بھی خارج کردیں۔
مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان خان کا لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کےاوپن ٹرائل کا مطالبہ
دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان و اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت ملزمان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ہمارے کونسل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مصروف ہیں، نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ وکلا صفائی آج آٹھویں مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح نہیں کر رہے اور تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفاع ختم ہو جاتا ہے، ہم نے تاحال حق دفاع ختم کرنے کی درخواست نہیں کی۔نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت وکلاء صفائی کو پابند کرے کہ وہ تفتیشی افسر پر اپنی جرح مکمل کریں۔بعد ازاں عدالت نے عمران و بشری کے وکلاء کی عدم موجودگی پر کیس کی سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی۔