گزشتہ ماہ سے لاپتا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل انتظار حسین پنجھوتھہ کو پنجاب کے ضلع اٹک سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
ڈی پی او اٹک نے انتظار پنجوتھہ کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مشکوک گاڑی کو روکا تو ملزمان نے گاڑی بھگا دی لیکن پولیس نے ناکہ بندی کرکے تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں گاڑی کو روکا اور گاڑی رکنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی ، اس دوران ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے ، پولیس نے گاڑی کو چیک کیا تو گاڑی میں موجود شخص نے اپنا نام انتظار حسین پنجوتھہ بتایا اور اغوا کاروں نے ان کی ٹانگیں باندھی ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ : فیصلہ کن مرحلے میں پاکستانی کیوئسٹس کا جادو چل گیا
انتظار حسین پنجوتھہ کو تھانے منتقل کرکے بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے، انتظار حسین پنجوتھہ نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ انہیں 8اکتوبرکو اسلام آباد سے اغوا کیا گیا ، اور ملزمان میرے اہل خانہ سے دو کروڑ روپے تاوان مانگ رہے تھے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ تین چار گھنٹے سے سفر کرارہے تھے، کہاں سے یہاں تک لائے علم نہیں، مجھے آج شام تک باندھ کے رکھا ہوا تھا۔
پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں انتظار حسین کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ 24 گھنٹے میں واپس آ جائیں گے۔
واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے وکیل انتظار حسین پنجھوتھا کی بازیابی سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی تھی۔