سینیٹر مصدق ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملین ڈالرز دے کر پاکستانی ایٹمی میزائل پروگرام کیخلاف مہم چلانے ڈیوڈ فینٹن کو لابنگ کیلئے ہائر کیا ہے۔
وفاقی وزیرسینیٹر مصدق ملک نے آزاد ڈیجیٹل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا شخص جو واشنگٹن ڈی سی میں رہتاہے،جس کو یہ بات سمجھ ہی نہیں آسکتی جو میں اور آپ کہہ رہے ہیں ۔ وہ دیکھتا ہے کہ پاکستان میں احتجاج ہورہے ہیں تو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ عدالتیں بھی ٹھیک نہیں ہیں اور خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ مسنگ پرسنز پر ہمارے ہاں احتجاج بھی ہوتے ہیں لیکن وہ لوگ یہ نہیں بتاتے کہ یہی مسنگ پرسنزدہشتگردی میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں یا افغانستان کے کسی اڈے پر پائے جاتے ہیں،یا پھر دہشتگرد ہی انہیں اٹھا کر لے گئے ہوتے ہیں اور مار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے کوئی لاپرواہی، کوتاہی ہوتی ہے تو اسے بھی رُکنا چاہئے۔ گیہوں کیساتھ گھن نہیں پسنا چاہئے لیکن پی ٹی آئی بتائے کہ ڈیوڈ فینٹن جو پاکستان کیخلاف گزشتہ 30سال سے مہم چلا رہا ہے، پاکستان کے ایٹمی میزائل پروگرام کیخلاف مہم چلاتا ہےاور کئی پابندیاں لگوا چکا ہے اس کوملین ڈالرز دے کر لابنگ کیلئے کیوں ہائر کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہودی لابی یا اسرائیل کی بات نہیں کرتا لیکن یہ لوگ جو خود کو پاکستانی کہتے ہیں، پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کیخلاف ملین ڈالرز دے کر ڈیوڈ فینٹن کو کیوں ہائر کیا۔ یہ باقاعدہ ڈاکومینٹڈ ہےاورامریکی ویب سائٹ جہاں تمام لابسٹ رجسٹر کیے جاتے ہیں اس پر ڈیوڈ فینٹن پی ٹی آئی کے لابسٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔ تو میں پوچھتا ہوں کہ پی ٹی آئی نے اسے کیوں ہائر کیا۔ دوسروں کی بات کرنے سے پہلے کہ بیرونی آلہ کار، اندرونی آلاکار پر بات کریں۔