جنوری 2025 تک پاسپورٹ کی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس

پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کا حصول بیرون ملک سفر، روزگار، امیگریشن یا دیگر مقاصد کے لیے ضروری ہے کیونکہ یہ دستاویز کسی بھی دوسرے ملک میں داخلے اور باہر جانے کا قانونی حق فراہم کرتی ہے۔

پاکستان میں پاسپورٹ کے اجراء کا عمل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ذریعے کیا جاتا ہے، جو شہریوں کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت یہ سہولت فراہم کرتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو غیر ملکی ممالک میں پاکستان کے سفارتی اور قونصلر نمائندوں کی مکمل حفاظت اور معاونت حاصل ہوتی ہے۔ یہ پاسپورٹ پاکستانی شہری کی بیرون ملک شناخت کی تصدیق کرتا ہے اور اسے قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے اور باہر جانے کا حق فراہم کرتا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے کہا ہے کہ جنوری 2025 تک پاسپورٹ کی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

جنوری 2025 تک کے لیے فیس کی تفصیلات درج ذیل ہیں: 36 صفحات پر مشتمل عام پاسپورٹ (5 سال کے لیے) کی نارمل فیس 4,500 روپے اور ارجنٹ فیس 7,500 روپے ہوگی۔

اسی طرح 36 صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس 6,700 روپے اور ارجنٹ فیس 11,200 روپے ہوگی۔ 72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس 8,200 روپے اور ارجنٹ فیس 13,500 روپے ہوگی۔ جبکہ 100 صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس 12,400 روپے اور ارجنٹ فیس 20,200 روپے ہوگی۔

ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی درخواست دیتے وقت فیس کی مکمل ادائیگی کریں اور اپنی دستاویزات کی تصدیق کے بعد پاسپورٹ کے اجراء کا عمل مکمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles