بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزا شرائط نرم کر دیں۔
بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال خان نے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے خطاب بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی تہذیب اور ثقافت کسی تعارف کی محتاج نہیں، بنگلہ دیش کے عوام پاکستانی عوام سے محبت کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان بنگلہ دیش باہمی تجارت بڑھانے کیلئے لاہور چیمبر کردار ادا کر سکتا ہے، بنگلہ دیشی عوام پاکستان کوعزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کو معاشی واقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا ہوگا۔
سفیربنگلہ دیش نے کہا کہ بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزا شرائط بہت آسان کر دی ہیں اور اب پاکستان کے شہری بنگلہ دیش کا ویزا آن لائن بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد کا کہنا تھا کہ ہم بنگلہ دیش سے تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں، ہمارے وفود جلد بنگلہ دیش جائیں گے۔