وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے ملزم کو خیبر پختونخوا کے شہر مردان کی تحصیل تخت بھائی سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم عالم خان کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ نے اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 15 جنوری 2025 کو مریم نواز اور متحدہ عرب امارات کے صدر کی جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے تین ملزمان کو لاہور، مظفر گڑھ اور فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتار ہونے والوں میں ندیم جاوید، محمد اعجاز اور عامر عباس شامل ہیں، جن کے خلاف جعلی مواد پھیلانے کی وجہ سے مقدمات درج کیے گئے تھے۔ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کے حوالے سے بھی جعلی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ اس مہم کے بارے میں تفتیش کرنے کے لیے ایف آئی اے نے ایک کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی ہے، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اس کارروائی کے دوران شہباز گل اور عمران ریاض کو بھی نامزد کیا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ علاوہ ازیںسوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے والے 20 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے بعد تین مزید ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔