افغانستان کے اوپنر ابراہیم زادران نے چیمپیئنز ٹرافی میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں ابراہیم زادران نے 146 گیندوں پر 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ وہ آخری اوورر میں آئوٹ ہوئے، ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے انگلینڈ کو 326 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
افغان اوپنر ابراہیم زادران چیمپیئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے ناتھن ایسٹل، بین ڈکٹ، سارو گنگولی اور اینڈی فلاور جیسے لیجنڈ کھلاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
زادران نے چند روز قبل لاہور میں انگلینڈ کے بین ڈکٹ کا بنایا ریکارڈ بھی توڑ دیا، بین ڈکٹ نے آسٹریلیا کے خلاف 165 رنز بنائے تھے۔ ابراہیم زادران نے 2022 میں سری لنکا کے خلاف اپنے ہی 162 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
یاد رہے کہ بین ڈکٹ نے رواں چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کیخلاف 165 رنز، ناتھن ایسٹل نے 2004 میں امریکا کیخلاف 145 رنز،زمبابوے کے سابق کپتان اینڈی فلاور نے 2002 میں بھارت کیخلاف 145 رنزجبکہ سابق بھارتی بلے باز سارو گنگولی نے 2000 میں جنوبی افریقا کیخلاف 141 رنز بنائے تھے۔
افغان بلے باز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 6 سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں بھی شامل ہو گئے ہیں۔