سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے شہریوں سے اپیل کردی۔
سعودی سپریم کورٹ کے مطابق 28 فروری جمعہ کے روز 29 شعبان 1446 ہجری ہوگی اور اسی شام مملکت میں مقیم شہریوں کو رمضان کا چاند دیکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر کوئی شہری دوربین کے ذریعے یا بغیر دوربین کےچاند دیکھ لے تو وہ فوری طور پر قریبی عدالت یا چاند دیکھنے کے لیے مختص آبزرویٹری سے رابطہ کریں تاکہ ان کی شہادت کو ریکارڈ کیا جا سکے۔
دوسری جانب آسٹریا میں اسلامی نظریاتی کونسل نے ملک بھر میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ یکم مارچ بروز ہفتہ کو رکھنے کا اعلان کر دیا۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کے ساتھ ہی مساجد میں رونقیں بڑھ جاتی ہیں اور اس سال بھی آسٹریا کی مساجد نے نمازِ تراویح، سحری اور افطاری کے شیڈول جاری کر دیے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق رمضان کا پہلا روزہ یکم مارچ کو ہوگا جبکہ تراویح کی پہلی نماز 28 فروری بروز جمعہ کی رات کو ادا کی جائے گی۔