وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کی معمار، ہمارے گھروں کا ستون، اور ہمارے مستقبل کو سنوارنے کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ہفتہ کے روز خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہماری زندگیوں میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے، کلاس رومز سے لے کر بورڈ رومز تک، میدانوں سے لے کر فرنٹ لائنز تک پاکستانی خواتین ہماری قوم کے روشن مستقبل کو سنوار رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال خواتین کے عالمی دن کا تھیم ’تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے حقوق، مساوات اور انہیں بااختیار بنانا‘ حقیقت میں ایک عزم کا اعادہ ہے جس میں ایک بہترین معاشرہ قائم کرنے میں ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام خواتین کی عزت اور حقوق پر بہت زور دیتا ہے، حکومت پاکستان نے پالیسی سطح پر مداخلت، قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے خواتین کے حقوق کو آگے بڑھانے میں اہم پیشرفت کی ہے، حقیقی صنفی مساوات کی طرف ہمارا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، جب ہم خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی آزادی میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ہم نہ صرف افراد بلکہ آنے والی نسلوں کو ترقی دیتے ہیں۔
وزیر اعظم نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج کے دن ہم خواتین کے حقوق کے احترام کو مزید آگے بڑھانے اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کریں جہاں ہر عورت کی صلاحیتوں کا ادراک ہو اور ہر بیٹی کا خواب اس کی پہنچ میں ہو۔