چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قومی سلامتی کے پارلیمانی اجلاس میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ سیاسی کمیٹی کی میٹنگ میں کیا جائیگا۔
پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی نے کچھ فیصلے کیے ہیں تاہم قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ سیاسی کمیٹی کی میٹنگ میں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ 6 اراکین قومی اسمبلی اور 3 سینیٹرز ہماری جانب سے شرکت کریں گے، تاہم ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نمائندگی ہو اور دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کے اراکین اجلاس میں شرکت کرسکیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر عمران خان سے ملاقات کروادی جاتی تو اچھا ہوتا، عمران خان کی لیڈر شپ سے ملاقاتیں نہیں کروائی جارہیں۔ نہ عمران خان کو چھ ماہ سے بچوں سے بات کرنے دی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کے پاس فیصلے کا اختیار موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ 2010 کی طرز کا قومی سلامتی کا پارلیمانی اجلاس ہوتا جس میں تمام ایم این ایز اور سینیٹرز شرکت کرتے تو اچھا ہوتا، اجلاس میں پہلے بریفنگ دی جاتی اور پھر سوالات و جوابات کا سیشن ہوتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔