سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین شیخ آج صبح کراچی میں انتقال کر گئے ۔
ان کے اہل خانہ نے انتہائی گہرے دکھ کے ساتھ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق سیکرٹری خارجہ اور سفیر نجم الدین اے شیخ جمعہ المبارک کی صبح اپنے گھر میں خالق حقیقی سے جا ملے ، ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ سورہ فاتحہ پڑھیں تاکہ ان کے لئے آخرت میں آسانی ہو۔
ان کی نماز جنازہ (آج) جمعہ کو بعد قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ رانا شیخ اور دو بچے نادر اور نرمین ہیں۔ نجم الدین شیخ نے کینیڈا میں ہائی کمشنر، جرمنی، امریکہ اور ایران میں سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
وہ اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کے سابق رکن اور کراچی کونسل آف فارن ریلیشنز کے بانی رکن تھے۔ مرحوم نے 1961 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ وہ 1994 سے 1997 تک سیکرٹری خارجہ رہے۔
وہ یمن، سوڈان، کینیا اور بحرین میں پاکستان کے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے سندھ یونیورسٹی سے بیچلر کیا اور بعد میں ٹفٹس یونیورسٹی کے فلیچر سکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی سے گریجویشن کیا۔ سابق وزیر خارجہ خرم دستگیر خان نےنجم الدین کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا۔