خیبرپختونخوا میں عوام نے فتنہ الخوراج کے دو حملوں کو ناکام بنادیا

خیبرپختونخوا میں عوام  نے فتنہ الخوراج کے دو حملوں کو ناکام بنادیا

خیبرپختونخوا کے باشعور اور غیور عوام نے فتنۂ الخوارج کے خلاف ایک مضبوط مزاحمتی محاذ قائم کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں مقامی آبادی نے دہشتگردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے نہ صرف ان کے عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل بھی کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 اپریل کی شب فتنۂ الخوارج کے دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان کے سرحدی دیہات میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم مقامی افراد نے بروقت اور دلیرانہ ردِعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور دہشتگردوں کو فرار پر مجبور کر دیا۔

مزید پڑھیں: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

اس واقعے کے ردعمل میں 13 اپریل کو قریبی دیہات کے عمائدین نے ایک اہم اجتماع منعقد کیا، جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کسی دہشتگرد کو گاؤں میں داخل ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ عوامی سطح پر دہشتگردی کے خلاف ابھرتے ہوئے قومی شعور اور اتحاد کی واضح مثال ہے۔

دوسری جانب لکی مروت کے علاقے بچکان احمد زئی میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ویلیج ڈیفنس کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے۔ دہشتگرد زبردستی علاقے میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے، جسے مقامی افراد اور فورسز نے ناکام بنا دیا۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے توئی کھلہ میں بھی آج 13 اپریل کو فتنۂ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملہ کر کے اغوا کی کوشش کی تاہم پولیس اور مقامی لوگوں نے مل کر شدید مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز ایک نئے جذبے کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف متحد ہو چکے ہیں۔ عوام کا فرنٹ لائن پر آنا نہ صرف فتنۂ الخوارج کے لیے واضح پیغام ہے بلکہ سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی حوصلہ افزا ہے۔

ماہرین کے مطابق اب خیبرپختونخوا کے عوام اپنے بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔عوامی مزاحمت کا یہ جذبہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں میں نئی روح پھونک رہا ہے اور ملک میں امن کے قیام کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *