پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زائد المیعاد اسٹنٹس کے استعمال کے حوالے سے وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ تمام ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زائد المیعاد اسٹنٹس کے استعمال کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے کہ یہ پرانا معاملہ ہے اور اس حوالے سے تمام زمہ دارین کے خلاف پہلے ہی محکمانہ کاروائی ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں مریضوں کےلیے گارنٹی شدہ اسٹنٹس استعمال کیے جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق نے مزید بتایا کہ پی آئی سی میں ہر مریض کے علاج و معالجے کے عمل کو مانیٹر کیا جاتا ہے۔ انکے مطابق چیئرمین بورڈ آف منیجمنٹ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور ایم ایس اس عمل کو مانیٹر کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق نے کہا کہ پی آئی سی میں مریض اعتماد کے ساتھ علاج و معالجے کی سہولتیں استعمال کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اب پی آئی سی میں مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔