گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف سیدعاصم منیر کے ہوتے ہوئے بھارت پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
استنبول میں استحکام پاکستان کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبی دہشتگردی کی تو بھارت میں آگ کا دریا، خون کا سمندر بہا دیں گے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 1965ء بھول گیا ہے، اس نے اس قوم کو للکارا ہے جس نے کلمے کے نام پر ملک حاصل کیا۔
اس موقع پر استنبول میں پاکستانی کمیونٹی نے افواج پاکستان اور آرمی چیف کے حق میں پرجوش نعرے بھی لگائے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ یہ قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، افواج پاکستان اکیلی نہیں اس کے ساتھ پچیس کروڑ عوام بھی کھڑی ہے۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بھارت اس خطے کے امن کو خراب کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں، سکھوں اور بھارت میں رہنے والے چھوٹے طبقے کی زندگی جہنم بنا کر رکھی ہوئی ہے۔