بھارتی اقدامات عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں، اسحاق ڈار

بھارتی اقدامات عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں، اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا داعی رہا ہے، پہلگام فالس فلیگ کے ذریعے بھارت آزادی کی تحریکوں سے دُنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، پہلگام فالس فلیگ ڈراما رچا کرخطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، بھارت کا جنگی جنون عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:علاقائی امن و استحکام کے لیے چین ہمیشہ پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، صدر مملکت اور چینی سفیر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری

پیر کو علاقائی کالمہ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کی کھل کر مخالفت کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم اقدامات کیے، جن کا اعتراف عالمی برادری بھی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ ڈراما رچا کر پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کیے، سندھ طاس معاہدہ ختم کیا اور بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر خطے میں جنگی ماحول پیدا کیا جس کی پاکستان ہر سطح پر مذمت کر چکا ہے۔

مزید پڑھیں:پہلگام واقعہ، چین کاپاکستان کی خودمختاری اور انسدادِ دہشت گردی کوششوں پر مکمل حمایت کا اعلان

انہوں نے کہا کہ پہلگام ڈرامے کا مقصد بھارت میں جاری آزادی کی تحریکوں سے توجہ ہٹانا ہے، بھارت کے یہ اقدامات خطے کو جنگ کی جانب دھکیل رہے ہیں، بھارت کے ایسے اقدامات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس وقت بھارت کی کئی ریاستوں میں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں، بھارت آزادی کی تحریکوں سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بھونڈے اقدامات کر رہا ہے لیکن بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں میں زندہ ہے، بھارت ایسے اقدامات سے آزادی کی تحریکیں ختم نہیں کر سکتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی کئی ریاستوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، مسلمانوں اور دیگر مذاہب کی اقلیتوں کو خصوصی ہدف بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری کو فوری نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے انتہا پسندانہ اور ظالمانہ اقدامات کو روکنا ہوگا۔ کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں پر تشدد فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:ہم اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق ہے، عالمی برادری فوری بھارت پر دباؤ بڑھائے اور کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے کو پورا کرے، پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالا جائے گا، پاکستان کا یہ مؤقف اول روز سے ہے کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے اعلان کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی بھی صورت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کر سکتا، پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حصے کے ایک بوند پانی کو کسی اور کو استعمال کرنے کی اجازت دے گا  نہ اپنا حق چھوڑے گا۔

سندھ طاس معاہدے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت قانونی طور پر دہائیوں پرانے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، پاکستان کے پانی کو

روکنے یا موڑنے کے کسی بھی اقدام کو جنگ کے طور پر دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا، ‘پہلگام واقعہ کے صرف 10 منٹ بعد جس پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا تھا، وہاں پہنچنے میں 45 منٹ لگتے ہیں۔ بھارت کو دنیا کو بیوقوف نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس کی ان حرکتوں نے واضح کر دیا ہے کہ یہ ایک فالس فلیگ آپریشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ بھارت 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شپ پاکستان پر حملے کرنے والا، بھارتی فضائیہ نے حملہ کرنے کی کوشش کی تو ہماری بہادر افواج نے انہیں مار بھگایا، ہم بار بار یہی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کا داعی ہے، ہم کبھی بھی کسی جنگ میں پہل نہیں کریں گے، لیکن بھارت جان لے کہ اگر ہم پر کوئی جارحیت مسلط کی گئی تو پورے قومی عزم اور طاقت کے ساتھ اس کا جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:بھارتی جارحانہ روّیے پر پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری، اسحاق ڈار کا یونانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری افواج پوری طرح تیار ہیں، ہم الرٹ ہیں، بھارت نے کوئی بھی جارحانہ اقدام کیا تو پاکستان اپنی پوری طاقت کے ساتھ نہ صرف دفاع کرے گا بلکہ اسی قوت کے ساتھ جواب بھی دے گا۔ دنیا اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ ہمیں عالمی رہنماؤں نے تحمل سے رہنے کی درخواست بھی کی ہے لیکن قومی سلامتی کمیٹی میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ بھی ہو چکا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ دُنیا میں پائیدار ترقی کے لیے امن ضروری ہے، امن و خوش حالی ہم سب کا مشترکہ مشن ہونا چاہیے، مشترکہ کوششوں سے ہی عالمی امن کا قیام ممکن ہے، لیکن بدقسمتی سے بھارتی جنگی جنون خطے میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *