صوبے میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے، علی امین گنڈاپور فوری مستعفی ہوں: ارباب خضر حیات

صوبے میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے، علی امین گنڈاپور فوری مستعفی ہوں: ارباب خضر حیات

پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے صوبائی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی زیر قیادت حکومت پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ثابت ہوئی ہے، جس نے کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

ایک بیان میں ارباب خضر حیات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے لوٹ مار میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سمیت پوری کابینہ نے عوامی خدمت کے بجائے کرپشن کو ترجیح دی ہے، جس کی وجہ سے صوبہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے صرف دعوے اور نعرے کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ محض نعروں سے باہر نکلے اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے، کیونکہ عوام نے ووٹ صرف وعدوں کے لیے نہیں بلکہ مسائل کے حل کے لئے دیئے تھے۔

ارباب خضر حیات نے کہا کہ وفاقی حکومت مہنگائی میں مسلسل کمی کرنے کیلئے کوشاں ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی صرف کرپشن تک محدود ہے۔
انہوں نے علی امین گنڈاپور سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں، عوام کو مزید دھوکا نہ دیں اور فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں تاکہ صوبے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *