اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ایران میں پھنسے پاکستانی قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے مشن کا آغاز ہوگیا ہے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر (پی آئی اے) نے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے قومی ایئرلائن کا خصوصی طیارہ ترکمانستان کے شہر اشک آباد سے پاکستانی مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔
ترجمان کے مطابق ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر قومی ایئرلائن کی پہلی خصوصی پرواز اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی ، قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز پی کے 9552 کے ذریعے ایران میں پھنسے 107مسافر صبح 3 بجے وطن پہنچے ہیں۔
ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث وہاں موجود پاکستانی شہری زمینی راستے کے ذریعے ترکمانستان اشک آباد پہنچے تھے، اس تمام عمل میں ایران اور ترکمانستان میں پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔
قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر روانہ ہوئی تھی۔
مسافروں نے حکومت اور قومی ایئرلائن کے بروقت اقدام کو سراہا اوران کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں ملکی مفادات کی خاطر قومی ایئرلائن کا خدمات فراہم کرنا دہائیوں پر مشتمل روایات کا تسلسل ہے۔
ذرائع پی آئی اے نے مزیدبتایا کہ مزید پروازوں کے لیے حکومتی ہدایت پر پی آئی اے اپنا خصوصی فلائٹ آپریشن جاری رکھے گا۔
قبل ازیں ایران سے وطن واپس آنے والوں میں 207 پاکستانی طالب علم اور 502 زائرین شامل ہیں جو مختلف شہروں سے مذہبی زیارات یا تعلیم کے سلسلے میں ایران میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ نے خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہم منصب سے رابطہ کر کے خطے کی بگڑتی سیکیورٹی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، اسحاق ڈار نے کہا اسرائیل کے ایران پر بلاجواز حملوں سے علاقائی و عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
خیال رہے کہ ایران اسرائیل جنگ آج چھٹے روز میں داخل ہو گئی ہے، ایران نے رات گئے تل ابیب پر میزائلوں سے بڑا حملہ کیا، اسرائیل کا آئرن ڈوم ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام ہو گیا، تل ابیب میں مسلسل سائرن بجنے لگے، اسرائیلی حکام نے شہریوں کو بنکر میں جانے کی ہدایت جاری کی، ایرانی میڈیا کے مطابق میزائلوں نے اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔