کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 6 ماہ کے اندر تمام رہائشی اور کمرشل عمارتوں میں واٹر ہارویسٹنگ سسٹم نصب کریں۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق یہ نظام آبی وسائل کو بچانے کی کوششوں کے تحت چھتوں اور عمارتوں سے پانی جمع کرے گا اور اسے واپس زمین میں بہائے گا۔ سی ڈی اے نے نئے بلڈنگ پلانز کے ڈیزائن میں واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کو شامل کرنا بھی لازمی قرار دیا ہے۔ اس ہدایت کا اطلاق نہ صرف گھروں اور تجارتی املاک پر ہوتا ہے بلکہ فارم ہاؤسز، سرکاری عمارتوں، کھیل کے میدانوں اور دیہی علاقوں پر بھی ہوتا ہے۔
حکام نے کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیمیں چھ ماہ کی ڈیڈ لائن کے بعد گھر گھر جا کر معائنہ شروع کریں گی تاکہ نئی ضرورت کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام نے متنبہ کیا کہ سسٹم لگانے میں ناکامی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جس میں بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں صفائی مہم جاری ہے، جس کے تحت شہری ماحول کو صاف، بہتر اور خوشگوار بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کی انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کی حدود میں ایک بار پھر تیندوا دیکھے جانے کی اطلاع

