وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران حکام نے ملکی پیٹرولیم ذخائر، کھپت اور درآمدی کارگوز کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جو موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے، جبکہ مزید ذخائر کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ بحران سے نمٹا جا سکے۔
حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیراعظم کی بروقت ہدایات اور عملی اقدامات کے باعث ایندھن کے ذخائر کے حوالے سے مؤثر منصوبہ بندی ممکن ہو سکی اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ اور خطے میں غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں، جس کے پیش نظر آئندہ دنوں میں مزید بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات ناگزیر ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے،اجلاس میں کفایت شعاری مہم کے تحت جاری اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا ہے، اور اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی کو فوری طور پر روکا جا سکے،اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ معاشرے کے بااثر طبقات آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کی مثال قائم کریں اور بچت کی پالیسی کو اپنائیں۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں احتیاط برتیں، کار پولنگ کو فروغ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اجتماعی نقل و حرکت کو ترجیح دیں تاکہ ایندھن کی بچت ممکن ہو سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے حالات کی بہتری تک ہنگامی اقدامات کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں، اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی کر کے بروقت کارروائی کی جا سکے۔