’ ہمہ موسمی دوستی‘ کو مزید تقویت دینے کا مشن، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل چین روانہ ہوں گے

’ ہمہ موسمی دوستی‘ کو مزید تقویت دینے کا مشن، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل چین روانہ ہوں گے

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کی خصوصی دعوت پر 31 مارچ 2026 کو چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان قائم دیرینہ گہرے اور مضبوط ’ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکتی تعلقات‘ کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان پر امید ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جلد مذاکرات ہوں گے ، اسحاق ڈار

اس دورے کی سب سے اہم اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ سفر ایک ایسے وقت میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب وہ جسمانی طور پر تکلیف کا شکار ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک روز قبل ان کے کندھے میں ’ہلکا فریکچر‘ ہوا تھا جس پر ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم اسحاق ڈار نے ذاتی تکلیف پر قومی مفاد اور سفارتی ذمہ داریوں کو ترجیح دیتے ہوئے آرام کے بجائے بیجنگ جانے کا فیصلہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس غیر معمولی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے جو پاکستان اپنے آہنی بھائی چین کے ساتھ تعلقات کو دیتا ہے۔

دورے کے دوران نائب وزیراعظم کی اپنے چینی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں ’سی پیک‘  کے دوسرے مرحلے، دفاعی تعاون اور ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار اور وانگ یی کے درمیان ہونے والی مشاورت میں عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی بات ہوگی۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی سفارتی کوششوں کی دُنیا معترف! امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسحاق ڈار کی ٹویٹ بھی شیئر کردی

واضح رہے کہ اس دورے کو اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی ایک اہم کڑی قرار دے رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنائے گا اور اہم علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

نائب وزیراعظم کی یہ ‘ہمت اور لگن’ چین میں بھی انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھی جا رہی ہے، جو دونوں قوموں کے درمیان اٹوٹ بندھن کی عکاسی کرتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *