ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کے حوالے سے اچھی خبر آگئی

ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کے حوالے سے اچھی خبر آگئی

ملک میں فائیو جی سروس کے آغاز کی راہ ہموار کرنے کے لیے 10 مارچ کو ہونے والی اسپیکٹرم نیلامی سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے نیلامی میں شرکت یقینی بنانے کے لیے پیشگی رقم جمع کروا دی ہے، جس سے اس عمل میں سنجیدگی اور مسابقت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق یوفون  اور زونگ نے فائیو جی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے درکار ارنسٹ منی کی مد میں فی کمپنی ڈیڑھ کروڑ ڈالر جمع کرا دیے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر 3 کروڑ ڈالر کی رقم مقررہ آخری تاریخ 27 فروری سے قبل جمع ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی ایک اور بڑی موبائل کمپنی Jazz بھی جلد مطلوبہ رقم جمع کروا سکتی ہے کیونکہ اس اہم نیلامی سے اس کے باہر رہنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔

پی ٹی اے کی جاری کردہ معلوماتی دستاویز کے مطابق ہر ممکنہ بولی دہندہ کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر بطور ارنسٹ منی جمع کروانا لازمی ہے، جو کامیاب ہونے کی صورت میں حتمی لائسنس فیس میں ایڈجسٹ ہو سکتی ہے۔

مجوزہ فریم ورک کے تحت حکومت کو اس نیلامی سے 60 کروڑ ڈالر سے زائد آمدنی کی توقع ہے، تاہم حتمی رقم کا انحصار بولی کے دوران مقابلے کی فضا اور پیشکشوں پر ہوگا، ریگولیٹر کے مطابق 597 میگاہرٹز دستیاب اسپیکٹرم میں سے کم از کم نصف یعنی تقریباً 300 میگاہرٹز کی فروخت نیلامی کی کامیابی کے لیے ضروری قرار دی گئی ہے۔

 حکام کا ماننا ہے کہ اگر تین آپریٹرز شریک ہوتے ہیں تو مطلوبہ حد تک فروخت یقینی بنائی جا سکتی ہے، جس سے مسابقت بڑھے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ہر 30 سیکنڈ میں ایک بوتل فروخت! دنیا کے 10مقبول ترین پرفیوم کون سے ہیں؟ جانیے

ماہرین کے مطابق فائیو جی اسپیکٹرم کی کامیاب فروخت ملک میں تیز رفتار براڈبینڈ، کم تاخیر والی ایپلیکیشنز اور جدید کاروباری خدمات کے فروغ کا باعث بنے گی۔

 یہ پیش رفت پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے اور ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز قرار دی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *