عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے لیے جامع اور سخت سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت نمازِ عید کے اجتماعات، عبادت گاہوں، عوامی مقامات اور تفریحی مراکز کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران 3 ٹیئرز پر مشتمل سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، جس میں داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی، واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے مکمل جسمانی تلاشی شامل ہوگی۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام بڑی مساجد اور امام بارگاہوں کے لیے ایک مرکزی داخلی دروازہ مختص کیا جائے تاکہ سیکیورٹی کو مؤثر بنایا جا سکے، جبکہ اہم عبادت گاہوں کے اطراف خصوصی پکٹس قائم کی جائیں جہاں تعینات اہلکار مکمل حفاظتی کٹ میں موجود ہوں۔
خواتین نمازیوں کی سہولت اور سیکیورٹی کے پیش نظر لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو پیشگی سویپنگ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ختم کیا جا سکے۔
محکمہ داخلہ نے مزید ہدایت کی ہے کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف موثر کومبنگ آپریشنز کیے جائیں، جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، عید بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے مقامی مذہبی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں رہنے اور کسی بھی قابلِ اعتراض تقریر یا لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق عبادت گاہوں کے اطراف بھکاریوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جبکہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے عبادت گاہوں کے اطراف خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دینے اور پارکنگ ایریاز کو مرکزی پنڈال سے محفوظ فاصلے پر رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ ہجوم اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں عید کے دوران آتشیں اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام بڑے شہروں اور بین الصوبائی داخلی و خارجی راستوں پر اضافی چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی۔
عید کے موقع پر پارکس، تفریحی مقامات اور دیگر عوامی جگہوں کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ ممتاز مذہبی اور سیاسی شخصیات کے تحفظ کیلئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت کے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
مزید برآں صوبے کے تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مقامی حالات کے مطابق سیکیورٹی پلان تشکیل دے کر محکمہ داخلہ کو ارسال کریں، جبکہ ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم کر کے اسے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے۔
اعلیٰ انتظامی و پولیس حکام، جن میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز شامل ہیں، کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی پلان پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عیدالفطر کے موقع پر شہری پرامن ماحول میں عبادات اور خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔