پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ تاریخی سنگ میل 104 میچز میں حاصل کیا، اس دوران انہوں نے 2 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں اسکور کیں، ان کی مستقل مزاجی، تکنیکی مہارت اور شاندار بیٹنگ نے انہیں لیگ کے کامیاب ترین اور قابل اعتماد بیٹرز میں شامل کر دیا ہے۔
ان کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ دباؤ کے لمحات میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور طویل عرصے سے اپنی ٹیموں کے لیے مسلسل اہم کردار ادا کرتے آ رہے ہیں۔
بابر اعظم پی ایس ایل میں اب تک تین مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی شامل ہیں، ہر ٹیم کے ساتھ ان کی موجودگی نے بیٹنگ لائن اپ کو مضبوط بنایا اور شائقین کو یادگار لمحات فراہم کیے۔
بابر اعظم کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی ایک قابلِ فخر لمحہ ہے، جو ان کی عالمی معیار کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرتا ہے۔