جارح مزاج آل رائونڈر نے حیدرآباد کنگز مین کو جوائن کرلیا

جارح مزاج آل رائونڈر نے حیدرآباد کنگز مین کو جوائن کرلیا

آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل پاکستان پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے حیدرآباد کنگز مین کے اسکواڈ کو باقاعدہ طور پر جوائن کر لیا ہے، وہ ہفتے کے ڈبل ہیڈر میں کھیلے جانے والے اہم میچ سے قبل ٹیم کا حصہ بن گئے، جس سے ٹیم کو بڑی تقویت ملی ہے۔

حیدرآباد کنگز مین کا مقابلہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوا، ٹیم انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر میکسویل کی ہوٹل میں موجودگی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی آمد کی باضابطہ تصدیق بھی کی، جس کے بعد شائقین کرکٹ میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جارح مزاج کھلاڑی گلین میکسویل کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی دھواں دار اور جارحانہ بیٹنگ کے باعث خاص شہرت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں :شرجیل خان کا پی ایس ایل میں مضبوط کم بیک کا عزم، 28 کلو وزن کم کرنے کا انکشاف

ان کے کیریئر کے اعداد و شمار بھی ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جہاں انہوں نے 129 میچز میں مجموعی طور پر 2897 رنز بنائے اور ساتھ ہی 49 وکٹیں بھی حاصل کیں، جو انہیں ایک مکمل آل راؤنڈر کے طور پر نمایاں کرتے ہیں۔

فرنچائز کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھنے والے میکسویل اب پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کر رہے ہیں، جو اس لیگ کے لیے بھی ایک اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔ان کی شمولیت سے نہ صرف حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن مضبوط ہوگی بلکہ ٹیم کو ایک تجربہ کار کھلاڑی کی قیادت اور رہنمائی بھی میسر آئے گی۔

واضح رہے کہ مارنس لبوشین کی قیادت میں کنگز مین کا ایونٹ میں آغاز توقعات کے مطابق نہیں رہا تھا، تاہم میکسویل کی آمد سے ٹیم کو نئی توانائی اور اعتماد ملنے کی امید کی جا رہی ہے، ٹیم انتظامیہ اور شائقین دونوں اس بات کے منتظر ہیں کہ میکسویل اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

editor

Related Articles