ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج مقابلے پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کل پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اس ضمن میں قومی ٹیم کے لے باز بابر اعظم کا بھارت سے میچ سے قبل ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ہی بہت زیادہ شدت والا ہوتا ہے نہ صرف دونوں ممالک کے لوگ بلکہ پوری دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہیں جس کی وجہ سے میچ ایک مختلف لیول پر چلا جاتا ہے اور شائقین کرکٹ کی اپنے سٹارز سے توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں ایسے بہت سے میچز کا حصہ رہا ہوں اور میں نے یہ سیکھا ہے کہ اس میچ کے لیے جتنا خود کو ٹھنڈا رکھیں گے اور آرام دہ رکھیں گے اور باہر کی آوازوں پر توجہ دینے کے بجائے میچ پر فوکس رکھیں گے تو اتنا اچھا پرفارم کریں گے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ البتہ اس میچ کا جوش ہوتا ہے، لیکن کھلاڑی جتنا خود کو ٹینشن فری رکھیں گے اتنا ان کے لیے بہتر ہے۔
دریں اثنا کولمبو میں سری لنکن محکمہ موسمیات نے پاکستان اور بھارت کے میچ میں بارش کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے تاہم شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ اتوار کے روز ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔
پاک بھارت مقابلے کیلئے پوری دنیا کی نظریں اس وقت کولمبو پر ہیں جہاں آر پریماداسا سٹیڈیم کی تمام 35 ہزار نشستیں میچ سے پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ پاک۔بھارت مقابلہ عالمی کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس کے باعث نہ صرف سری لنکا بلکہ دیگر ممالک سے بھی شائقین میچ دیکھنے کے لیے کولمبو پہنچ رہے ہیں۔