محسن نقوی کے پاک بھارت ٹاکرے کے موقع پر کولمبو جانے کا امکان ہے، جہاں وہ اس اہم میچ کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق میچ سے قبل وہ قومی اسکواڈ سے ملاقات بھی کریں گے اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھائیں گے۔
اطلاعات ہیں کہ انہیں یہ دعوت جے شاہ کی جانب سے موصول ہوئی ہے، جس کے بعد انہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کر کے اس حوالے سے مشاورت بھی کی اور دعوت سے آگاہ کیا۔ اگرچہ حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سری لنکا روانہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں چینی برانڈ کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑی لانچ، گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے بڑی خبر
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو بھی باضابطہ دعوت نامہ ارسال کر دیا ہے، جبکہ جے شاہ بھی میچ اسٹیڈیم میں دیکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر محسن نقوی اور جے شاہ کے درمیان ملاقات کا امکان ہے، جس میں دو طرفہ کرکٹ معاملات اور آئندہ ایونٹس پر تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔
اسی طرح بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الحق اسلام کو بھی پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ میچ نہ صرف کھیل کے اعتبار سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ اس موقع پر مختلف کرکٹ بورڈز کے سربراہان کی موجودگی اسے سفارتی اور انتظامی سطح پر بھی غیر معمولی اہم بنا دیتی ہے۔

